پٹنہ، 4 نومبر (یو این آئی) بہار میں مہا گٹھ بندھن (گرانڈ الائنس) نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر بہار اسمبلی الیکشن کی مکمل انتخابی مہم کو ہر اعتبار سے حد درجہ نیچے گرادینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف اپنے حریفوں کے خلاف اہانت آمیز تبصرے کئے، بلکہ وزیر اعظم جیسے اعلی ترین عہدے کے اعزاز اور وقار کو بھی مجروح کیا۔
جنتا دل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) کے ممبرپارلیمنٹ پون ورما، راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے قومی ترجمان منوج جھا اور کانگریسی لیڈر چندن یادو نے آج یہاں نامہ نگاروں
سے کہا کہ یہ انتہائی افسوس سے کہنا پڑرہا ہے کہ مسٹر نریندر مودی نے اپنی انتخابی مہم میں کھلے عام اس ویڈیو کا ذکر کیا ہے، جس میں بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کو ایک تانترک کی نیک خواہشات لیتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
مسٹر پون ورما نے کہا کہ " کسی سادھو، تانترک یا مذہبی پیشوا کی دعائیں اور نیک خواہشات لینا کسی کے لئے انوکھی بات نہيں ہے، لیکن اس معاملے کو مسٹر نریندر مودی نے جس طرح استعمال کیا، وہ غیر متوقعہ اور قابل افسوس ہے، بالخصوصی ایسے لیڈر کے لئے جو وزیر اعظم جیسے اعلی ترین عہدے پر فائز ہیں"۔